کراچی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں کسی بھی مہم جوئی کا مناسب جواب دینے کے لیے چوکنا رہنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کا دورہ کیا اور آرڈیننس سنٹر ملیر میں کرنل کمانڈنٹ کی تقریب میں شرکت کی، اس دوران میجرجنرل شہاب شاہد کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔ کراچی آمد پر آرمی چیف کے ہمراہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کی تمام باقیات کو ختم کر دینگے: آرمی چیف
بیان کے مطابق تقریب میں آرڈیننس کور کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سپہ سالار نے جنگ اور امن میں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران کور کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔
35ویں ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فضائیہ کی مکمل پیشہ ورانہ مہارت، اسکی قابل رشک کامیابیوں کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افسران کا جدید دور کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ رہنا ضروری ہے جدید دور کے میدان جنگ میں برتری صرف اسی صورت میں برقرار رکھی جا سکتی ہے جب ہم عصری چیلنجوں کے لیے چوکنا رہیں اور ابھرتے جدید تصورات کے مطابق ان سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔ ہمیں کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے چوکنا رہنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کے ہمراہ وزیراعظم کا نوشکی کا دورہ، فوجی جوانوں کو خراج تحسین
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں فوجی فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا، اس دوران انہیں فوجی فاؤنڈیشن کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ سپہ سالار نے معیاری خدمات کی فراہمی، فوجی فاؤنڈیشن کی کارکردگی اور عزم کو سراہا۔