لاہور: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے بلیدہ کی انجیرکان پہاڑیوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن ملک دشمن عناصر کے حمائیت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز کیساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے، مارے جانیوالے دہشت گرد کیچ میں ہونے والی حالیہ تخریب کاری میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ فورسز کی طرف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشنر جاری رہیں گے، دہشت گردوں کو بلوچستان میں امن اور ترقی کا عمل سبوتاژ کرنے نہیں دینگے۔
6 Terrorists killed by Security Forces in heavy exchange of fire during an IBO on terrorist hideout in Buleda, Balochistan. These terrorists were involved in recent terrorist activities in Kech. Cache of arms & ammunition recovered from terrorist hideout .
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) February 16, 2022
نوشکی، پنجگور: کلیئرنس آپریشن مکمل، 20 دہشتگرد ہلاک، افسر سمیت 9جوان شہید
یاد رہے کہ آئی ایس پی آر نے 5 فروری کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔
بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔
آرمی چیف کے ہمراہ وزیراعظم کا نوشکی کا دورہ، فوجی جوانوں کو خراج تحسین
8 فروری کو آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے ضلع نوشکی پہنچے جہاں انہوں نے دہشتگردوں کو شکست دینے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 2 فروری کو دہشتگرد حملہ پسپا کرنے میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق وفاقی وزرا، وزیراعلیٰ و گورنربلوچستان، صوبائی وزراہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے مصافحہ کیا اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
نوشکی میں جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگری کیلئے پیچھے سے فنڈنگ ہوتی ہے، جو فنڈنگ کرتے ہیں وہ چاہتے ہیں پاکستان کے ٹکڑے ہوں۔ دہشت گردوں کی کوئی بات نہیں سُنے گا، پاک فوج پر اعتماد ہے، قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں کسی قسم کی دہشتگردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ سی پیک کے اگلے مرحلے میں بلوچستان کوسب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
دہشتگردوں کوشکست دینے کیلئے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑختم کرنا ہوگا:آرمی چیف
12 فروری کو سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں، ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کا دورہ کیا اور پنجگور حملہ پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا تھا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کو ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے میکنزم پر بریفنگ دی گئی جبکہ مقامی کمانڈر کی جانب سے سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے پنجگور کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی، مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عمائدین کے کردار کو سراہا اور مقامی عمائدین کو علاقے کی خوشحالی، ترقی کے لیے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں بر وقت اور مؤثر رد عمل کی تعریف کی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی میں عظیم قربانی پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مقامی آبادی کی سکیورٹی اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔ دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑنا ہو گا۔ بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ جوان اپنی آپریشنل تیاریارں برقرار رکھیں۔ دہشت گردوں کو کسی بھی قیمت پرحاصل کامیابیوں کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔