نوشکی، پنجگور: کلیئرنس آپریشن مکمل، 20 دہشتگرد ہلاک، افسر سمیت 9جوان شہید

Published On 05 February,2022 09:23 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 دہشتگرد ہلاک، 7 جوان شہید

بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسزکی کارروائی،پنجگورحملے میں 2 مطلوب دہشتگردوں سمیت 3ہلاک

بیان کے مطابق نوشکی، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ہرقیمت پراپنی سرزمین سےدہشگردوں کاخاتمہ یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز کے جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر دو آپریشنز کیے ۔ سرواکئی میں آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد اللہ نور برقعہ پہن کر فرار کی کوشش میں گرفتار کیا گیا جبکہ ہتھیار، گولیاں، گرینیڈز اور آلات مواصلات برآمدکیے گئے۔

دوسری طرف جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں آپریشن کے دوران ایم 16 رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمدکیا گیا۔ اسلحہ درہ آدم خیل منتقل کرنے والے 4 افراد بھی گرفتار کر لئے گئے۔

Advertisement