بل گیٹس کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نواز دیا گیا

Published On 17 February,2022 04:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لینے والے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کے دوران ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بل گیٹس کو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون اور انسداد پولیو مہم کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوان صدر میں  ہلال پاکستان  سے نوازنے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو  ہلال پاکستان  ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بل گیٹس کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

قبل ازیں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے وزیر اعظم کے دفتر میں عمران خان سے ملاقات کی۔

بل گیٹس کا این سی او سی کا دورہ

دوسری طرف بل گیٹس نے وفد کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ بھی کیا اور چیئرمین اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان سے ملاقات کی، جس کے بعد انہوں نے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔

بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، کورونا وبا کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں انہیں این سی او سی کی جانب سے کورونا وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مختلف نان فارماسوٹیکل انٹروینشنز (این پی آئیز) سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

دورہ کرنے والے وفد کو کورونا وبا کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا۔ وفد کو جینوم سیکوینسنگ (مختلف ویرینٹس کے پھیلاؤ کی روک تھام) کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

بل گیٹس نے این سی او سی کے مختلف اقدامات بالخصوص اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے نفاذ اور پاکستان کی ویکسین انتظامیہ سے متعلق گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے این سی او سی کو ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے اور لاگو کرنے کے قابل بنایا۔ 

بل گیٹس نے کورونا وبا اور بالخصوص ویکسی نیشن مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بل گیٹس اور ان کی فاؤنڈیشن کی پاکستان میں کورونا وبا کے خلاف اقدامات کے لیے تعاون کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود عالمی وبا کے خلاف صحت عامہ کے تحفظ کے لیے بہترین اقدامات متعارف کروانے میں این سی او سی کے کردار کو سراہا۔

اسد عمر نے کامیابی کا سہرا قوم کے مجموعی ردعمل کو قرار دیا جو این سی او سی کے مؤثر مواصلاتی مہم کے ذریعے ممکن ہوا، جس نے این سی او سی کے اعلان کردہ کورونا پروٹوکولز پر عوام کا اعتماد بڑھانے اور اس پر عمل کرنے میں مدد کی۔

پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے: بل گیٹس

وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق بل گیٹس نے قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی دنیا انسانی بحران کے شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے، کے پی کے جنوبی اضلاع پولیو کے خلاف جنگ میں متحرک رہیں، پاکستان کےانسداد کورونا اقدامات حیران کن ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بل گیٹس نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہیں، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ، وفاقی وزراء کی شرکت

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔ بل گیٹس نے وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔

بل گیٹس نے اپنے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں انہیں این سی او سی کے کردار، طریقہ کار اور کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔ بل گیٹس کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اور موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 مائیکروسافٹ کے بانی نے این سی او سی کی حکمت عملی کیساتھ اسمارٹ اور میکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کو سراہا۔ وفد نے پاکستان میں کوروناویکسین لگانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صحت کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ مائیکروسافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔

 وفاقی وزیر اسدعمر نے بل گیٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حکومت کو کامیابیاں قومی ردعمل اور این سی او سی کی منظم مہم کے باعث ملیں۔

Advertisement