اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تحت جاری صحت اور سماجی شعبے کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق بل گیٹس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے فاؤنڈیشن کے تعاون اور مدد کو سراہا جبکہ شہباز شریف نے 2022 میں پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام شعبوں میں فاؤنڈیشن کے ساتھ شرکت داری کو مستحکم بنانے کے خواہش مند ہیں، وفاقی حکومت پولیو کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں خصوصی ایمرجنسی رسپانس پلان نافذ کر رہی ہے۔
بل گیٹس نے صحت کے شعبے میں پاکستان کیلئے مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا۔