اسلام آباد:(دنیا نیوز) بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے کہا ہے کہ میرے لیے ہلال پاکستان حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے نام لکھے گئے خط میں بل گیٹس نے پاکستان کے پہلے دورے میں پرتپاک استقبال کرنے پر کا شکریہ ادا کیا۔
خط کے متن کے مطابق بل گیٹس نے لکھا کہ پاکستان میں ہر بچے کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لیے آپ کے عزم کو سراہتا ہوں، پاکستان کی آنے والی نسلوں کیلئے پولیو سے پاک مستقبل یقینی بنانے کا کام قابل تعریف ہے، پاکستان نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے، ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستان میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ پولیو پر پاکستان کی مسلسل کاوش ملک کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے معاون ثابت ہوگی، ذہنی و جسمانی کمزوری، غذائیت کی کمی جیسے موضوعات پر بات کر کے خوشی ہوئی، خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک رسائی، احساس سماجی تحفظ کے پروگرا م کو مؤثر بنانے پر بات ہوئی، مشترکہ دلچسپی کے دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت کا منتظر ہوں۔