راولپنڈی:(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ 28 سالہ سپاہی شبیر شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، دوران آپریشن دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5 ملک دشمن اپنے انجام کو پہنچ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں حبیب نواز عرف شکیل، وحیداللہ ، محمد اللہ اور دیگر شامل ہیں جبکہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سپاہی شبیر دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے، جن میں سب مشین گنز، ہینڈ گرنیڈ اور بڑی تعداد میں مختلف کیلیر کے راؤنڈز شامل ہیں۔