راولپنڈی:(دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حیدر عباس جام شہادت نوش کرگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے کوہلو کو گھیرے میں لیا تو ملک دشمنوں کی جانب سے فائرنگ شروع کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حیدر عباس وطن پر قربان ہوگئے، شہید کیپٹن کا تعلق سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کیپٹن حیدر عباس کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید ، حاضر سروس افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی آپریشن میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، بچ جانے والے دہشتگرد پہاڑوں میں فرار ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ملک دشمنوں کو بلوچستان کا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔
ایک اور بیٹے نے جان پاکستان پر وار کر دی: فواد چودھری
پاکستان کے ایک اور بیٹے نے سبّی میں جان پاکستان پر وار دی، کیپٹن حیدر نے حیدر کرارࣿ کی روائت پر عمل کرتے ہوئے اس جوان کی شہادت قوم پر ایک اور بیٹے کا احسان ہے۔۔۔سلام pic.twitter.com/IhMwVff2Mv
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 21, 2022
دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ پاکستان کے ایک اور بیٹے نے جان پاکستان پر وار کر دی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کیپٹن حیدر نے حیدر کرارؑ کی روایت پر عمل کرتے ہوئے جوان کی شہادت قوم پر ایک اور بیٹے کا احسان ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کیپٹن حیدر عباس کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار
اُدھر وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیپٹن حیدر عباس کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے ایک اور بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر جان کا نزرانہ پیش کیا۔اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جو دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئےبیش بہا قربانیاں دے رہے پیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے قوم متحد ہے۔ پاک افواج استحکام پاکستان کی علامت ہیں ہر پاکستانی کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔