یوکرین میں پاکستانی طلبا پھنس گئے، وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل

Published On 25 February,2022 11:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کر دی۔

پاکستانی طالب علم گلریز ہمایوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے میٹرو اسٹیشن میں پناہ لے رکھی ہے، کھانا دستیاب ہے نہ پانی، ہماری حالت بہت غیر ہے، ہم لاوارث ہوچکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ ترنوپل میں مکمل طور پر کام کر رہا ہے، کائیو میں سفارتخانہ کا نمائندہ ہر وقت دستیاب ہے، کھرکیو سے ترنوپل تک ٹرینیں بھی چل رہی ہیں اور ٹکٹ بھی دستیاب ہیں، جن شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں مل رہی، طلبا متعلقہ اعزازی تعلیمی کنسلٹنٹ سے رابطہ کریں۔

ادھر نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے حکومت سے یوکرین میں پھنسے 500 طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین تنازعہ کے نتیجے میں پاکستانی شہری اور طلبہ یوکرین میں پھنس گئے ہیں، 500 سے زائد طلبہ سمیت دیگر ہزاروں پاکستانی یوکرین سے انخلاء کے منتظر ہیں، یوکرین نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، یوکرین میں موجود پاکستانی سفارت خانہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی معاونت کرے، حکومت پاکستان یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی جلد اور باحفاظت واپسی کو یقینی بنائے۔
 

Advertisement