پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی حسین وادیاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔ ملک بھر سے سیاح بڑی تعداد میں گلیات، ناران، کاغان، کمراٹ اور سوات کا رخ کر رہے ہیں۔ سیاحوں کو جدید سہولیات سے آراستہ قیام گاہیں اور آرام گاہوں سمیت مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبے کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو سہولیات دینے کے حوالے سے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کے اقدامات جاری ہیں۔ ایبٹ آباد کے علاقے گلیات، نتھیا گلی اور ملحقہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ریسکیو کی امدادی ٹیمیں تعینات کی گئیں ہیں۔ سڑکوں پر رش کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی ٹریفک اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی ہیں۔ سیاح بھی اقدامات سے مطمئن نظر آئے۔
بالائی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورت حال اور لینڈ سلائینڈنگ سے نمٹنے کے لیے ہیوی مشینری بھی فراہم کی کی گئی ہے جبکہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کا مقصد ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔
سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی کے تحت سیاحوں کے لیے خصوصی طور پر الیکٹرک کارٹ گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں ہیں۔