میلسی:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کا شور مچانے والے خود چور، جو مرضی کر لیں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہوں، ناکامی کے بعد ان کے ساتھ جو ہوگا کیا یہ اس کے لیے تیار ہیں؟ نوازشریف مجرم نمبرون، جھوٹ بول کر ملک سے بھاگے، گیڈر کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، مجرم نمبر دو شہبازشریف کی اصلیت جاننی ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑیں، آصف زرداری، نئی بیماری، سابق صدر کی لوٹ مار پر فلمیں بن چکی ہیں۔
عمران خان آج تک کسی کےسامنے جھکا ہے نہ قوم کو جھکنے دے گا
میلسی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج تک عمران خان کسی کے سامنے جھکا ہے اور جب تک زندہ ہوں میں اپنی قوم کو جھکنے نہیں دوں گا، یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کو خط لکھا کہ روس کیخلاف بیان اور ووٹ دیں، یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے بھارت کو بھی یہ خط لکھا تھا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانی دی، ملک کو 100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، پاکستان کو کیا ملا، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا؟، نیٹو کے 10فیصد لوگ بھی اس جنگ میں نہیں مرے، انہوں نے افغانستان میں جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا، ہم کیا آپ کے غلام ہیں جو آپ کہو گے ہم کریں۔
وزیراعظم نے فضل الرحمان کو مولانا کہنے سے انکار کردیا
عمران خان نے اپنے خطاب فضل الرحمان کو مولانا کہنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان صرف پیسہ ہی نہیں بلیک میل بھی کرتا ہے، اسلام آباد میں دھرنے کیلئے یہ مدرسے کے بچے لے آیا، فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے، ان کی وجہ سے پاکستان کے قرضے میں اضافہ ہوا، جو بھی پیسہ ہم ٹیکس میں اکٹھا کرتے ہیں ان کی قسطوں میں چلا جاتا ہے، جب آپ نے ملک کو مقروض کردیا تو پھر یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے، یہ ہیں وہ لوگ جو مل کر میرے خلاف عدم اعتماد کررہے ہیں، چوروں کا ٹولہ قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے، چوروں کے ٹولے کی وجہ سے ہم مقروض ہوگئے اور قوم غریب ہوگئی، جب تک قوم اچھے برے کی تمیز نہیں کرتی اوپر نہیں جاسکتی، ڈاکوؤں کے گلدستے کے خلاف میلسی کے عوام میرے ساتھ ہیں؟، یہ جو کر رہے ہیں وہ سب احتساب سے بچنےکیلئے ہے، جب تک مجھ میں خون ہے میں ان ڈاکوؤں کا مقابلہ کروں گا، یہ جوبھی کچھ کریں گے میں اس کےلیے تیار ہوں، عدم اعتماد کی تحریک جب ناکام ہوگی تب ڈاکوؤں کا گلدستہ تیار رہے۔
قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے آئینی ترمیم پیش کرینگے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے آئینی ترمیم پیش کرینگے، دیکھیں گے ن لیگ اور پیپلزپارٹی بل کی حمایت کرتے ہیں کہ نہیں سب کے سامنے آجائے گا، جو 74 سال میں کام نہیں ہوئے لگتا ہے وہ ایک سال میں کرانا چاہتے ہیں، جنوبی پنجاب کیلئے 500 ارب روپے مزید خرچ کریں گے،10 روپے پٹرول اورڈیزل میں کم کئے،5 روپے بجلی کا فی یونٹ کم کیا، ٹیکس زیادہ جمع پر یہ اقدامات کئے، جتنا زیادہ ٹیکس جمع ہوگا اتنا ریلیف ملےگا۔
اب کوئی ڈرون حملہ ہوا تو ایئرفورس کو مار گرانے کا حکم دوں گا
عمران خان نے کہا کہ 2008سے 18 کے دوران ڈرون حملے ہوئے، یہ کبھی ہوا کہ ایک ملک کسی کی جنگ لڑے اور وہی ملک ہم پر حملے کرے، ڈرون حملوں میں بے قصور لوگ مارے جاتے تھے، جس کے لیے جنگ لڑرہے تھے اور وہی ہم پر حملے کررہے تھے، بتایا جائے یہ دونوں پارٹیوں کے لوگ کیوں نہیں بولتے تھے، بتایا جائے جب سے میں وزیراعظم بنا ہوں کیا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ اگر کوئی ڈرون آیا تو ایئر فورس سے کہوں گا کہ وہ ڈرون نیچے گرا دو، کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ کسی ملک میں ڈرون حملہ کیا جائے، ہم کسی سے بھی دشمنی نہیں چاہتے، ہماری سب سے دوستی ہے ، ہم کسی بلاک کا حصہ نہیں ہیں، ہم نیوٹرل ہیں، کوشش کریں گے کہ یوکرین میں جنگ بند ہو، اس جنگ سے گندم، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔
یہ بھگوڑا جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے اس کا پیسہ لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجرم نمبر ون نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلا گیا، بتایا جائے کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، گیڈر دوسری بار ملک سے فرار ہوا ہے،یہ بھگوڑا جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے اس کا پیسہ لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا، آصف زرداری نے کہا اٹک جیل میں ٹشو کے ڈبے ختم ہوگئے نوازشریف کے آنسوں صاف کرتے ہوئے، ملک کے تین بار کے وزیراعظم کے بچے کہتے ہیں ہم تو پاکستانی نہیں، شہبازشریف کا پتہ کرانا ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑ کر لے آئیں، مقصود چپڑاسی کے بینک میں 375کروڑ روپے آگئے، یہ صرف پاکستان کو لوٹنے کیلئے آتے ہیں، ان کی عیدیں، گھراور جائیدادیں سب ملک سے باہر ہیں، شہبازشریف نے بیٹے کو اور مقصود چپڑاسی کو باہر بھجوادیا، شہبازشریف ڈرے ہوئے ہیں کہ ان کا کیس آنے والا ہے۔
جتنا ٹیکس دیں گے وہ سارا عوام پر بوجھ کم کرنے پر لگاؤں گا
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ملک کا دیوالیہ ہوچکا تھا، ہم نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس کے بحران سے اپنے ملک کو بچایا، کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آگیا، امریکہ میں 40 سال کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے،ہم نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ڈالنے کی پوری کوشش کی، ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جتنا ٹیکس دیں گے وہ سارا عوام پر بوجھ کم کرنے پر لگاؤں گا۔
اب کسان کو کپاس کی دگنی قیمت مل رہی ہے
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں جتنا کسانوں کے پاس پیسہ آیا ماضی میں کبھی نہیں آیا، مکئی کی فصل کی قیمت میں اضافے سے کسان کو بہت فائدہ ہوا ہے، ہم نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھائی، اب کسان کو کپاس کی دگنی قیمت مل رہی ہے،کسان کو 70سے80ہزار تک فائدہ ہوا ہے، کھاد پوری دنیا میں کم ہوچکی ہے، کھاد کی فیکٹریوں کو بند نہیں ہونے دیا، چین سے ایک لاکھ ٹن مزید کھاد بھی منگوائی ہے، عالمی منڈی سے 5 گنا کم قیمت پر اپنے کسانوں کو کھاد دے رہے ہیں، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔