وزیراعظم کا گورنر سندھ کو جہانگیر ترین اور علیم خان سے رابطے کا ٹاسک

Published On 07 March,2022 02:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو جہانگیر ترین اور علیم خان سے رابطے کا ٹاسک دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزرائے اعلی، گورنرز اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پارلیمانی امور سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں کمیٹی کو ناراض حکومتی رہنماؤں سے رابطوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ جہانگیر ترین اورعلیم خان کے مجوزہ اتحاد پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ وہ علیم خان سے رابطے میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے عمران اسماعیل اور پرویز خٹک کو ناراض حکومتی ارکان سے رابطوں کی ہدایت کی، توقع ہے گورنر سندھ عمران اسماعیل لاہور کا دورہ کریں گے اور علیم خان سے ملاقات کریں گے۔

سینیئر پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کو ناراض ارکان سے خود رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود جہانگیر ترین اور علیم خان سےرابطہ کریں۔ 

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں، ہماری تیاری مکمل ہے، جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جنھیں مقدمات کا خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لا سکتے۔

وزیراعظم نے جنوبی پنجاب صوبے کا بل قومی اسمبلی لانے کا بھی فیصلہ کیا اور قانونی و پارلیمانی ٹیم کو ہدایت کی کہ تیاری مکمل کی جائے ۔

مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کور کمیٹی کو قانونی امور پر بریفنگ دی جبکہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے منگل کو ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس مسلسل تیسرے ہفتے بھی ملتوی کر دیا۔