کوئٹہ: (دنیا نیوز) سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ عمران کان کی حکومت کے خلاف پوری اپوزیشن متحد ہے، حکمرانوں کے لہجے سے سمجھ لینا چاہیے انکے جانے کا وقت آ چکا ہے، اسلام آباد میں ایک بار پھر آوازیں آئیں گی کہ مجھے کیوں نکالا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے دنیا نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں پٹو چرانے کے لیے میلہ لگ گیا ہے، چند دنوں میں پھر سے یہ آوازیں آئیں گی کہ مجھے کیوں نکالا، ماضی کے حکمرانوں کے مقابلے میں موجودہ حکمران غراہ کر اپنا غصہ دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اس لہجے سے سمجھ لینا چاہیے کہ انکے جانے کا وقت قریب آ گیا ہے، وفاقی حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔
سردار اختر مینگل نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال بیگانی شادی میں دلہا بننے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ فٹ پاتھ پر شادیانے بجانے والوں کے ساتھ خوشیاں منا رہے ہیں، ہم بیک وقت کئی محاز کھولنے کی سیاست نہیں کرتے، بلوچستان حکومت کی تبدیلی کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔