عدم اعتماد کی حکمت عملی، متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ مشاورتی اجلاس پیر کو طلب

Published On 12 March,2022 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن قومی اسمبلی میں جمع کروانے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ مشاورتی اجلاس پیر کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہو گا، اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کو عشائیہ دیا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہونگے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ سردار اختر مینگل سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کی ریڈ اور ایم این ایز پر تشدد اور گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر حکمت عملی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔