قومی اسمبلی کا اجلاس کب بلایا جائے، وزیراعظم نے سینئر قیادت کو بنی گالہ بلا لیا

Published On 13 March,2022 11:59 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالے سے سینئر قیادت کو آج بنی گالہ بلا لیا، فواد چودھری ،شفقت محمود ، پرویزخٹک اور علی زیدی شرکت کریں گے۔

اسلام آباد کا سیاسی ماحول گرم ہے، وزیراعظم نےمشاورت کےلیے سینئر قیادت کوبنی گالہ بلا لیا۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق حتمی مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب تحریک عدم اعتماد کے شور میں شہبازشریف نے بھی آج لیگی ارکان قومی اسمبلی کو مشاورت کیلئے طلب کر لیا ہے، اجلاس میں حکومت کیخلاف حکمت عملی پر غور ہوگا، ارکان کو اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

مسلم لیگ ق کی قیادت کی جانب سے بھی تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے یا نہ دینے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا، ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں اہم اجلاس شیڈول ہے جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے، سیاسی حلقوں کی نظر تحریک انصاف حکومت کے اتحادیوں پر لگ گئیں۔
 

Advertisement