اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف نے تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کیلئے آج لیگی ارکان قومی اسمبلی کو مشاورت کیلئے بلا لیا۔
مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی کا آج اکٹھ ہو گا جس کی صدارت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف حکمت عملی پر غور کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ اجلاس کے بعد شہباز شریف لیگی ارکان اسمبلی کو عشائیہ دیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن قومی اسمبلی میں جمع کروانے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ مشاورتی اجلاس کل (پیر کو) طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہو گا، اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کو عشائیہ دیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہونگے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ سردار اختر مینگل سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔