لاہور: (دنیا نیوز) بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں ق لیگ کس کشتی میں سوار ہوگی، حتمی فیصلے کیلئے آج پھر اہم بیٹھک شیڈول ہے، مشاورتی اجلاس میں تحریک عدم اعتماد اور دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی۔
تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے فتح کے دعوے جاری ہیں، قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ق لیگ کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے درمیان آج اہم ملاقات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک میں عالمی قوتیں ملوث ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے و اتحادی عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عوامی رابطہ مہم عروج پر ہے، وزیر اعظم آج حافظ آباد پہنچیں گے جہاں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے کے دوران وزیراعظم ترقیاتی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔