اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کی قیادت سے چینی سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین ،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہیٰ سے چینی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف میشن مس پینگ چنزوئی کی ملاقات ہوئی جس کے دوران ملک میں جاری سیاسی صورت حال پر مفصل بات چیت کی گئی، ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔
چینی سفارت کار سے سی پیک کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتا ہے، چوہدری شجاعت حسین ،چوہدری پرویز الہی اور چوہدری مونس الہی نے چین کے پاکستان کے ساتھ عالمی، علاقائی اور دفاعی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔