اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے اور دوسری میں شامل ہونے کیلئے قانون موجود ہے، آئین کے آرٹیکل 63 ون اے کے تحت سپیکر کو پارٹی سربراہ کے خط کے بعد رکن کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
چودھری فواد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ اراکین نے خود کہہ دیا ہے کہ انہوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے، ان اراکین کے خلاف کارروائی ہوگی اور ان کی نااہلی بھی تاحیات ہوگی، وزیراعلی سندھ نے غریب عوام کے پیسے لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے بھیجے، سندھ میں پینے کا صاف پانی نہیں، صحت کے نظام کا برا حال ہے اور سندھ کے حکمران خریدوفروخت میں لگے ہوئے ہیں۔
چودھری فواد حسین نے کہاکہ حکومت کے پاس وسائل ہوتے ہیں، اس کیلئے خریدوفروخت کرنا آسان ہے، جب بے نظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو وسائل کا استعمال کر کے تحریک کو ناکام بنایا گیا تھا۔