کرم : (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ پہلے نیوٹرل پر تنقید کررہے تھے اب معافی مانگ رہے ہیں،اداروں کومتنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عمران خان کی حکومت ختم ہوچکی اس لیے بزدلوں کی طرح بھاگ رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے پارا چنار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وزیراعظم کہتے تھے خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اور اقتدار سنبھالتے ہی آئی ایم ایف کا دروازہ کھٹکھٹا رہے تھے، کہتے تھے لوگ باہر ممالک سے نوکریاں کرنے یہاں آئیں گے لیکن یہاں کے لوگوں کو بھی بے روزگار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ میری اردو 30 سال میں کمزور ہے لیکن آپ کو 70 سال میں بھی اردو بولنا نہیں آئی اور ہمیں اردو سکھاتے ہیں، اگر میری اردو کمزور ہے تو آپ اپنے تین بچوں کو اردو سکھادیں، ہمیں اپنی قومی زبان پر فخر ہے اور اسے سیکھ رہے ہیں جلد بہتر ہوجائے گی لیکن جان لیں کہ پاکستان ہر زبان بولنے والوں کا ملک ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن سے دھاندلی زدہ حکومت کو تسلیم نہیں کیا، عمران خان عوام کے نہیں کسی اور کے وزیراعظم ہیں، ہم نے انہیں جب سلیکٹڈ کا نام دیا تو وہ تالیاں بجارہے تھے، یہ اکثریت کھوچکے، حکومت ختم ہوچکی، اس لیے بزدلوں کی طرح بھاگ رہے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ میں تو 8 مارچ سے مقابلے کا منتظر ہوں لیکن یہ سامنے نہیں آرہا، عمران خان سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں اور ہمت ہے تو سامنے آئیں مگر وہ جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں، یہ کیسا مذاق ہے عمران اپنا اقتدار بچانے کے لیے ملک کو تباہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمت ہے تو کل 172 ارکان اسمبلی کو ایوان میں لے آئیں ہم آپ کو وزیراعظم تسلیم کرلیں گے۔ عمران خان نے پٹرول اور ڈیزل کو تاریخ کا مہنگا ترین کردیا اور دوسروں کو ڈیزل ڈیزل کہہ رہے ہیں، دراصل عمران خان خود ڈیزل ہیں، اسی طرح دوسروں کو بوٹ پالش کہنے والے عمران خان خود بوٹ پالش کرنے والے ہیں۔