اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کے لیے امریکا، مشرق وسطیٰ، یورپ سے بھی لوگ آرہے ہیں۔
پریڈ گراؤنڈ جلسہ گاہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اتوار کو 3 بجے یہاں تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے، جلسے کے لیے پریڈ گراؤنڈ ہمارے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے، عمران خان مسلمانوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے، پورے ملک میں جذبے کی لہر آئی ہوئی ہے، نہ صرف اندرون ملک سے بلکہ باہر سے لوگ بھی جلسے میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، پاکستانیوں نے فیصلہ کر لیا ہے، پاکستانیوں نے فیصلہ کر لیا ہے ان کو کونسا پاکستان چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھے گی ساری قوم خوداری اور ناموس رسالت کے لیے کھڑی ہوگئی ہے، قوم اب اپنی حقیقی آزادی کی راہ پر گامزن ہے، کل ق لیگ کے ساتھ ہماری میٹنگ ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ بھی ہماری دوبارہ ملاقات ہے، کہا جا رہا تھا اتحادی دو دن میں اعلان کریں گے، دو دن گزر گئے ابھی تک اعلان نہیں ہوا۔
صحافی نے سوال کیا کہ مریم نواز نے بھی آج کہا کانپیں ٹاگ رہی ہیں ، اس پر جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ کی نائب صدر نے اپنی ذاتی کیفیت بتائی ہوگی، مریم کی ٹانگیں کانپ رہی ہونگی اس لیے انہوں نے یہ کہا ہے، کچھ ثبوت ہمارے پاس ہیں، وزیر اعظم کی صوابدید ہے وہ 27 مارچ کو ثبوت دکھائیں گے۔