پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا

Published On 03 April,2022 11:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کے بعد 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کے آغاز پر اسمبلی میں اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی، آج وزیراعلی پنجاب کا انتخاب ہونا تھا، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے وزارت اعلی کیلئے امیدوار پرویز الہی کو نامزد کیا تھا اور حمزہ شہباز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار تھے۔ عبد العلیم خان گروپ نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ ترین گروپ بھی حمزہ شہباز کے حمایتیوں میں شامل تھا۔ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی مچنے پر اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں آج اپنا اجلاس طلب کرلیا، متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں سپیکر کے فرائض رانا اقبال کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: مونس الٰہی کی ایک اور بڑی کامیابی، علیم خان گروپ کے مزید تین ارکان توڑ لئے

واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس سے قبل اراکین اسمبلی کی جوڑ توڑ کا سلسلہ پوری شدت سے جاری رہا، وفاقی وزیر مونس الٰہی نے علیم خان گروپ کے ارکان توڑ لئے جن میں اشرف رند، عون ڈوگر، خرم لغاری، اویس دریشک اور علمدار قریشی شامل ہیں۔ ترین گروپ کے بھی تین رہنماوں عبدالحئی دستی، رفاقت گیلانی اور امیر محمد خان نے پرویز الہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
 

Advertisement