لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مونس الٰہی نے علیم خان گروپ کے مزید تین ارکان توڑ لئے، اشرف رند، عون ڈوگر اور علمدار قریشی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ علیم خان گروپ کے یہ تینوں ارکان وزارت اعلی کے امیدوار پرویز الٰہی کو ووٹ دیں گے، علیم خان گروپ کے منحرف ارکان نے پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور انہیں ووٹ دینے کی یقین دہانی کروائی، پرویزالہٰی نے حمایت پر ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل علیم خان گروپ کے دو ارکان خرم لغاری اور اویس دریشک بھی پرویز الہی کے پاس آ گئے تھے۔ مونس الٰہی گذشتہ روز ترین گروپ کے بھی تین رہنماوں عبدالحئی دستی، رفاقت گیلانی، امیر محمد خان کو اپنی گاڑی میں لیکر پنجاب اسمبلی پہنچے تھے۔ تینوں ارکان نے اس سے پہلے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ عبد العلیم خان گروپ نے نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن کے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار حمزہ شہباز نے عبدالعلیم خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان کے گروپ کے 9 اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی تھی جن میں عملدار قریشی اور اشرف رند بھی شامل تھے۔