راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر نیپال کے ساتھ طویل مدتی تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں نیپال کے سفیر مسٹر تاپس ادھیکاری نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر نیپال کے ساتھ طویل مدتی کثیر ڈومین تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے۔ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
نیپالی سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔