اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 12 بجے طلب کرلیا گیا، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔
16 اپریل کو طلب گئے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کا پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی، نئے اسپیکر کا انتخاب بھی ایجنڈا پر موجود ہے جبکہ نومنتخب اسپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی لیں گے۔
اسی تناظر میں حکومت اور اتحادیوں نے اپنے ممبران کو آج اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران دوپہر تیار رہیں، حکومت کل کے اجلاس میں نئے سپیکر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے 16 اپریل کا اجلاس ملتوی کر کے 22 اپریل کو اجلاس طلب کیا تھا۔
قومی اسمبلی اجلاس کس کی سربراہی میں ہوگا؟ فیصلہ ہو گیا
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اجلاس کی صدارت کے لئے ایاز صادق سے درخواست کی ہے، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف 16 اپریل کو اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی۔
سیکرٹریٹ کے مطابق قاسم سوری قواعد و ضوابط کے قاعدہ بارہ کے تحت اجلاس کی صدارت نہیں کریں گے، پینل آف چیئر پرسن میں شامل پی ٹی آئی کے تینوں ارکان مستعفی ہوچکے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف بلا مقابلہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
پاکستان پیپلز پارٹی (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف قومی اسمبلی کے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں راجہ پرویز اشرف نے اسپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے، ان کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف کے اسپیکر منتخب ہونے سے متعلق نوٹیفکیشن رولز کے مطابق جاری کیا جائیگا۔
سابق وزیراعظم کے تجویز اور تائید کنندہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر تھے۔