اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اپنی معاشی ٹیم پر برس پڑے اور کہا کہ 15 روز میں مہنگائی کم ہونی چاہیے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، ملک میں بڑھتی مہنگائی پر وزیراعظم پریشان دکھائی دیئے۔
اجلاس میں وزیراعظم معاشی ٹیم پر برس پڑے ہدایت کی کہ باتیں نہ کریں، 15 دن میں نتائج دیں، 15 دن میں مہنگائی کم ہوجانی چاہیے۔
چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ
ادھر وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس میں چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی کی برآمد پر پابندی رواں پورا سال کے دوران نافذ رہے گی، ضرورت کے مطابق ملک میں چینی کا وافر اور اضافی ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایف بی آر سے ٹیکس محصولات کے بارے مکمل رپورٹ طلب
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو موجودہ ٹیکس محصولات کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر سے ٹیکس محصولات کے حوالے سے مکمل رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال 6100 ارب روپے ٹیکس ہدف حاصل کر لیا جائے گا، ایف بی آر پوائنٹ آف سیل کی قرعہ اندازی کی تقریب میں 5 کروڑ 30 لاکھ کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک رکھنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے سالانہ ٹیکس ہدف بھی پورا کرنے پر زور دیا، موجودہ مالی سال 6100 ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کیلئے پر امید ہیں موجودہ مہینے میں بھی ٹیکس محصولات حوصلہ افزا ہیں جبکہ وزیراعظم کو آئندہ ہفتے محصولات پر مکمل بریفنگ دی جائے گی۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم پر عمومی تحفظات سامنے آئے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ ساتویں اقتصادی جائزہ مذاکرات کیلئے رابطے جاری ہیں، نئی حکومت میں بھی ٹیکس گزاروں کو انعامات دینے کی اسکیم جاری رہے گی، ایف بی آر نے قرعہ اندازی کے عمل میں شفافیت رکھی، رجسٹرڈ ہونے والی رسیدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔