پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا: مریم نواز

Published On 16 April,2022 07:21 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! 2018 میں آپ سے آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ پنجاب کے بھائیو اور بہنو ! 2018 میں آپ سے آپ کا چھینا ہوا مینڈیٹ آپ کو لوٹا دیا گیا ہے، آپ کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے ٹوٹا تھا، آپ کا حق آپ کو ملے گا، لاھور سے چلنے والی ”مال گاڑی“ سے بنی گالہ نہیں جائے گا۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کے بعد دوبارہ شروع ہوا، ووٹنگ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ لیکر پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مقابلے میں چودھری پرویز الٰہی کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔

  غنڈہ گرد اور سڑک چھاپ پی ٹی آئی کا جڑ سے خاتمہ ہر پاکستانی کا اولین فرض 

قبل ازیں  مریم نواز نے کہا تھا کہ غنڈہ گرد اور سڑک چھاپ پی ٹی آئی کا جڑ سے خاتمہ ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے، یہ کلچر کسی طرح بھی ملک و قوم کے لیے اچھا نہیں بلکہ تباہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری سدباب اور خاتمہ ضروری ہے، پنجاب کے عوام ان کے چہرے پہچان لیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنا چاہے پھڑپھڑا لو، پنجاب کا حق پنجاب کے عوام کو آج انشاءاللّہ مل کر رہے گا، وہ ترقی جو 2018 میں ان سے چھین لی گئی تھی، وہ پنجاب واپس لے کر رہے گا۔
 

Advertisement