وزیراعظم سے اتحادیوں کی ملاقاتیں، اختر مینگل کے تحفظات دور کرنیکی یقین دہانی

Published On 20 April,2022 10:37 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم سے اتحادی رہنماؤں کی ملاقاتیں ہوئیں، شہباز شریف نے سردار اختر مینگل کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ قومی امور سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم کی بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سردار اختر مینگل کے کابینہ میں شمولیت سے متعلق تحفظات پر گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے سردار اختر مینگل کو ان کے تحفظات پر اعتماد میں لیتے ہوئے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی مفاد میں حکومتی اتحاد کو مظبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ادھر نیشنل پارٹی کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے کی، وفد نے شہباز شریف کو وزارت اعظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، بلوچستان کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہوں، صوبائی خود مختاری کا حامی ہوں، بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم جمعرات کو وزیرستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم کو شمالی وزیرستان سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ شہباز شریف قبائلی عمائدین سے ملاقات کریں گے۔
 

Advertisement