وزیراعظم، زرداری اور فضل الرحمان کی شجاعت کو سالک کے حلف اٹھانے پر مبارکباد

وزیراعظم، زرداری اور فضل الرحمان کی شجاعت کو سالک کے حلف اٹھانے پر مبارکباد

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن نے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے میں چودھری شجاعت حسین کو انکے صاحبزادے چودھری سالک حسین کے وفاقی وزیر کا حلف لینے پر مبارکباد دی، ملکی سیاسی معاملات اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

تمام رہنماؤں نے چودھری شجاعت حسین کا سیاسی طور پر تعاون کرنے اور سالک حسین کو کابینہ میں شامل کرنے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ بیٹے نے جو بھی قدم اٹھایا میری مشاورت سے ہی اٹھایا، وزارت قبول کرنے میں میری مرضی شامل تھی، شہباز شریف کو ووٹ بھی مشورے سے ہی دیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنے والد کی دی ہوئی نصیحت چودھری سالک اور طارق بشیر چیمہ کو بتائی ہے، تکبر نہیں ہونا چاہئے چاہے جس مرضی حالت میں ہوں، منافقت سے پرہیز کرنا چاہئے اور منافقوں کی سیاست سے دور رہنا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اصل مسائل الیکشن کروانا نہیں، عوام کے حقیقی مسائل غربت کو دور کرنا، قیمتوں کو کنٹرول کرنا اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے، بڑا مشکل ٹاسک ہے ان کیلئے حکومت کو زیادہ توجہ لوگوں کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔