اسلام آباد: (دنیا نیوز) سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت نے تاریخی فیصلہ دیا، پوری قوم سودی نظام کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، حکومت جلد از جلد نظام کو عدالتی فیصلے کے مطابق کرے، اگر رکاوٹ ڈالی گئی تو ہمار ا ہاتھ اور حکومت کا گریبان ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فیصلے پر یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے پاکستان میں سود پر پابندی لگا دی ہے، عدالت نے حکومت کو پابند کیا کہ 5 سال میں معاشی قوانین اسلامی اصولوں کے مطابق بنائے، 1991 میں بھی شرعی عدالت نے پابندی کا فیصلہ کیا تھا، حکومت جلد سے جلد تمام سودی نظام کو اسلامی نظام کے مطابق کرے، حکومت کومجبور کریں گے کم ازکم وقت میں غیر اسلامی قوانین کوختم کر کے اسلامی قوانین نافذ کرے۔
خیال رہے وفاقی شرعی عدالت نے ملک میں رائج سودی نظام غیر شرعی قرار دے دیا۔ وفاقی شرعی عدالت نے سود کیخلاف درخواستوں پر 19 سال بعد فیصلہ سنایا۔