لاہور: (دنیا نیوز) چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ساری قوم نے شریفوں کا چہرہ دیکھ لیا ہے، پولیس کو استعمال کیا جا رہا ہے، آئی جی، چیف سیکرٹری شریفوں کے آلہ کار بن چکے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے افسران کو پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے، کچھ افسران گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ بہت سے مزید افسران کو پولیس گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے، 16 اپریل کے اجلاس کے دوران پولیس نے ایوان میں گھس کر اراکین اسمبلی پر تشدد کیا، ہماری ایک رکن اسمبلی تشدد کی وجہ سے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سالوں میں ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے جو شریفوں نے اقتدار ملنے کے چند دنوں میں پیدا کر دئیے، ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے آج کا اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں تھا، موجودہ حالات کی وجہ سے اجلاس کو 16 مئی تک کے لئے ملتوی کیا ہے۔