پی ٹی آئی کا ملین مارچ کا فیصلہ، 20 لاکھ افراد کو اسلام آباد لانے کا ٹاسک

Published On 28 April,2022 06:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملین مارچ کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا جس کے مطابق 20 لاکھ افراد اسلام آباد جائیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر سے 20 لاکھ افراد پر مشتمل مارچ اسلام آباد لایا جائے گا۔

اجلاس میں مارچ کی تیاریوں کے لیے کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس 9 مئی کو منعقد ہوں گے جبکہ پاکستان کی آزادی و خودمختاری کیلئے حقیقی آزادی مارچ کی تیاریوں میں تیزی لانے کی حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

عمران خان نے ملک بھر سے تمام تنظیموں کے اجلاس بھی طلب کرتے ہوئے ملک بھر میں کارکنان کو انتخابات کی بھرپور تیاری کے آغاز کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، ملک بھر میں منائی جانے والے شبِ دعا کی تیاریوں پر بھی مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مرکزی تقریب کی ملک بھر میں نشریات اور کارکنان و عوام کی اجتماعی طور پر دعا میں شرکت کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں امپورٹڈ حکومت کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر عائد بدترین سنسرشپ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ذرائع ابلاغ میں صحافیوں کیخلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر بھی شدید ردِ عمل کا اظہار کیا گیا، حکومتی عتاب کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے حق میں بھرپور آواز اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیرونی سازش کے نتیجے میں مسلط حکومت کے ہتھکنڈے ہر لحاظ سے شرمناک اور قابلِ مذمت ہیں، سچ اور جھوٹ بالکل واضح ہوکر قوم کی نگاہوں کے سامنے ہے، بداعمالیوں کی سیاہی کو حکومت کے جبر سے اجالے میں بدلنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ قوم بددیانت ضمیر فروشوں کا بیانیہ اپنانے کو کسی طور تیار نہیں، ریاستی قوت کے بل پر سچ کی آواز دبانے والوں کو ادنیٰ سی کامیابی بھی حاصل نہیں ہوگی، کٹھ پتلیوں سمیت امپورٹڈ حکومت نامنظور بہرصورت قوم کی آواز ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جبر و طاقت کے نشے میں چور بھکاریوں کیخلاف پیشہ ور اہلِ سیاست کے ساتھ کھڑی ہے، اجلاس میں بیرونی ایماء پر پاکستان میں مداخلت اور حکومت کی تبدیلی کی سازش بھرپور طریقے سے عوام میں بے نقاب کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس نے میڈیا و سماجی میڈیا پر تحریک انصاف کے بیانیے کی بھرپور ترویج کی خصوصی حکمت عملی کی منظوری دے دی۔

Advertisement