پیپلز پارٹی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے میدان میں کھڑی ہے: بلاول

Published On 01 May,2022 11:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابقہ سلیکٹڈ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے قومی معیشت کی سانسیں اُکھڑ چکیں، غریبوں کا جینا محال ہو گیا۔ ایسے مشکل حالات میں پی پی پی محنت کشوں کے مفادات کے تحفظ اور انہیں ریلیف دلوانے کے لئے میدان میں کھڑی ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے نظریئے و منشور کی اساس محنت کشوں کی بہبود و ترقی ہے، آئین محنت کشوں کو منصفانہ اجرت، ان کی جانوں کی حفاظت اور آجر کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی ضمانت دیتا ہے، شہید بھٹو کی پیش کردہ لیبر پالیسی آج بھی مزدوروں کے حقوق کے لئے کسوٹی کا درجہ رکھتی ہے، بینظیر امپلائیز سٹاک آپشن سکیم اور حکومت سندھ کی پیش کردہ پہلی صوبائی سہ فریقی مزدور پالیسی پی پی پی کا طرہ امتیاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے زمیں کاشتکاروں کو زرعی قطعات کا مالک بنانا بھی عوامی حکومتوں کی جانب سے کئے گئے دیگر بیشمار میں سے چند اقدامات ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے تک بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے تمام مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کو یقین دلاتا ہوں کہ پیپلز پارٹی محنت کشوں کی وکیل اور محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی، جب تک مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے، ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا، پیپلز پارٹی محنت کشوں کے حقوق تسلیم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے ہمیشہ اگلی صفوں میں رہی ہے۔
 

Advertisement