شیخ رشید کی درخواست جمع، نواز، شہباز سمیت 7 افراد پر قتل کی پلاننگ کا الزام

Published On 01 May,2022 06:04 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کراتے ہوئے نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ سمیت 7 افراد پر قتل کی پلاننگ کا الزام عائد کر دیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے قتل کی منصوبہ بندی کے خلاف تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ میرے میڈیا سینٹر کے باہر گزشتہ رات سے مشکوک افراد دیکھے جا رہے ہیں، وزیرِداخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے مجھے دھمکیاں بھی مل رہی ہیں، حکومت مخالف ایک اہم رکن ہوں میری جان کو خطرہ ہے۔

شیخ رشید کی درخواست کے متن کے مطابق اگر میں باہر یا جیل میں قتل ہوگیا تو نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، حسین نواز، معین نواز، سلمان شہباز کو شامل تفتیش کیا جائے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ رانا ثناء اللہ بدنام زمانہ قاتل، منشیات کیس اور ماڈل ٹاؤن کیس کا مرتکب ہوا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست پر پولیس حکام نے خاموشی اختیار کرلی۔

 میری جان کو خطرہ، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، شیخ رشید کا الزام

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، تھانہ کوہسار میں 7 افراد کے نام لکھ کر دے دیئے، مجھے کچھ ہو جائے تو ان افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اور عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد لوگوں کا سیلاب آئے گا، مئی کا مہینہ خوفناک ہے، پنجاب میں رانا ثنا کے ذریعے گند ڈالا جائے گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، ایک نہیں دوسرا اور تیسرا بھتیجا بھی لے جاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ نے آتے ہی 300 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے، رانا ثنا اجرتی قاتل ہے، عابد شیر علی کے والد کہتے ہیں رانا ثنا نے 18 قتل کئے ہیں، یہ مجھے بھی قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، تھانہ سیکرٹریٹ میں 7 لوگوں کے نام لکھ کر دے دیئے، ملک کے خلاف سازش کی جا رہی ہے، ملک کے اہم لوگوں کو درخواست دے دی، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کروا رہا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ان کے خلاف نعرے روضہ رسول ﷺ سے باہر لگے، کل بکتر بند گاڑی میں یہ مدینہ گئے پھر بھی چور، چور کے نعرے لگے، عمران خان نے ناموس رسالت ﷺ کا مقدمہ لڑا، انہوں نے سنگین جرائم میں ملوث کئی افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے، دنیا کے کسی بھی ملک میں اتریں گے انہیں انڈے اور ٹماٹر لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی 2 مرتبہ میرا پیچھا کیا گیا، یہ خانہ جنگی کرائے گا، یہ ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، یہ اسلام آباد مارچ کو کسی حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں، مجھے اور عمران خان کو تحریک سے پہلے جیل میں بھیجنا چاہتے ہیں، پہلے کہتا تھا ن سے ش نکلے گی، اس وقت ش کی حکومت ہے۔

Advertisement