وزیراعظم کی درخواست: مسجد نبویﷺ ہنگامہ آرائی میں قید پاکستانیوں کو رہا کرنیکا حکم

Published On 26 October,2022 04:45 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد نبوی ﷺ میں ہنگامہ آرائی میں قید تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے لئے بڑا فیصلہ کیا، شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان سے درگزر سے کام لینے کی درخواست کی تھی۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر عطاء فرمائے۔

بعدازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے لکھا کہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میری درخواست پر سعودی عرب میں اپریل 2022 کے واقعے پر گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا، الّلہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایک دوسرے کی غلطیوں پر درگزر کرنے والا بہتر مسلمان بنائے۔

خیال رہے کہ مدینہ منورہ کی عدالت نے تین پاکستانیوں کو 8 سال اور تین کو 6 سال قید کی سزا سنائی تھی، خواجہ لقمان، محمد افضل، غلام محمد کو 8 سال، انس، ارشد اور محمد سلیم کو 6 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ ایک اور پاکستانی طاہر ملک کو بھی تین سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا تھا۔
 

Advertisement