راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ بتائیں، کس شہر میں گرفتاری دوں ، کسی اجرتی قاتل سے نہیں ڈرتا، دعا ہے ملک میں امن رہے، کہیں جھاڑو نہ پھر جائے، لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ شیخ راشد شفیق مسنگ پرسن ہے، اُس کا کوئی پتہ نہیں۔ ملک میں سازش ہو رہی ہے، آصف زرداری چاہتے ہیں پنجاب میں جھگڑا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہیں، 31 مئی تک معاملے کا حل نکالیں، دعا ہے ملک میں امن رہے،کہیں جھاڑو نہ پھر جائے، لانگ مارچ خونی ہوسکتا ہے۔ گلی محلوں میں حالات خراب ہو گئے، لڑائیاں ہونے لگی ہیں۔ یہ قوم ان سے نفرت کرتی ہے، یہ جتنا مرضی میڈیا میڈیا کھیلیں، آدھے وزیر کرپشن کیسز میں ضمانتی ہیں، جوتے پالش کرنیوالے کیساتھ قوم رہنے کو تیار نہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ روضہ رسولﷺ کی حرمت پر میرے جیسے گنہگار کی جان قربان ہے، یہ حالات کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں۔ منشیات فروش جس ملک میں وزیرداخلہ ہوگاوہاں کیا امن ہو گا۔ یہ نہیں ہو سکتا عید کا روز ہو اور آپ راشد شفیق کو بچوں سے نہ ملنے دیں۔ جس شخص نے 14 مرتبہ فوج کوگالی دی ہو اس پر تھوکنے کو بھی تیار نہیں، فوج بھولتی نہیں ہے۔ عمران خان کو راضی کرنا ہمارا کام ہے، آپ الیکشن کی تاریخ دیں، چاہے بڑی عید پر انتخابات کی تاریخ دے دیں۔