سورج آگ اگلنے لگا، بھکر میں پارہ 49، بہاولپور اور ملتان میں47 کو چھو گیا

Published On 15 May,2022 09:27 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم ہے، میدانی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہے، بھکر میں پارہ 49، بہاولپور، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں47 ڈگری کو چھو گیا، رات کو خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے ملک میں ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور میں درجہ حرارت 44 ، جیکب آباد، جہلم ،گوجرانوالہ ،ڈی جی خان میں پارہ 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

ملک کے دیگر علاقوں کی طرح اسلام آباد بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، درجہ حرارت 42 ڈگری کو چھوگیا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے رات کے اوقات میں ہلکی بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

سندھ میں گرمی حدوں کو چھو رہی ہے، موہنجو داڑو، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت پچاس سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی پارہ پچاس تک جانے کی توقع ہے۔
 

Advertisement