ہم امپورٹڈ حکومت نہیں، الیکشن کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں: عمران خان

Published On 19 May,2022 06:20 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امپورٹڈ حکومت نہیں، الیکشن کے ذریعے آزادی چاہتے ہیں، ہماری منزل قریب، انسانوں کا سمندر اسلام آباد آنے والا ہے، صاف اور شفاف انتخابات کی تاریخ ملنے تک واپس نہیں جائیں گے۔

اسلام آباد میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ منزل قریب ہے امپورٹڈ حکومت نہیں ہم الیکشن چاہتے ہیں، یہ سیاست نہیں ہو رہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارا بڑا مافیا، ڈاکو ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، بڑے ڈاکو، مافیاز کرپٹ سسٹم کے ذریعے لوگوں کا خون چوستے ہیں، ہم اس مافیا اور ڈاکوؤں کا مقابلہ کرینگے اور بری طرح شکست دینگے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے گندم اور تیل نہیں لینا ہے اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاتا، مارچ کے لیے جوش اور اپنی توانائی بچائیں جب تک صاف و شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میری کال پر پوری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے، ہمارے مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے، برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر آنے والا ہے، اسلام آباد مارچ سے پہلے ملتان میں ہمارا آخری جلسہ ہے، کل ہی کال دوں گا کہ کب قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔
 

Advertisement