بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلئے کوششیں جاری

Published On 22 May,2022 02:08 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، بلوچستان پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے امدادی کاموں میں مصروف ہیں، آرمی اور ایف سی آگ بجھابے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے شرگلی کے جنگلات میں لگی ہوئی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، پائین جنگلات میں 18 مئی کو شدید آگ شروع تھی، بلوچستان پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے امدادی کاموں میں تعاون کررہی ہیں جبکہ فوج اورایف سی بلوچستان آگ بجھانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کررہی ہیں۔

کوئٹہ کور ہیڈکوارٹرز پی ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، جنگلات میں لگی ہوئی آگ 10 ہزار فٹ کی بلند چوٹیوں کے اردگرد موجود ہے، تاہم شدید گرم موسم اور ہواؤں سے آگ دور تک پھیل چکی ہے البتہ آگ بدستور قریب ترین دیہات سے ابھی 10 کلومیٹر دور ہے، امدادی کاموں کے دوران متاثرہ علاقے سے 10 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

ایف سی بلوچستان نے مانی خوا میں میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کردیا ہے، ایف سی کا ایک ونگ، 2 آرمی ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، ایک ہیلی کاپٹر سے آگ پر پانی گرایا جارہا ہے جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر سے فائر بالز اور کیمیکلز پھینکے جارہے ہیں، اب تک 400 فائر بالز، 200 فائر سوئٹس، کمبل، خیمے اور دیگر آلات بھی ایف سی کے ذریعے این ڈی ایم اے کو فراہم کردیئے گئے ہیں، فوج کی جانب سے ضروری ریلیف آلات لاہور سے ژوب منتقل کئے جارہے ہیں۔
 

Advertisement