میرانشاہ: (دنیا نیوز) خیبرپختونخواکے ضلع شمالی وزیرستان میں امن دشمنوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ملٹری چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں 20 سالہ سپاہی ظہور خان، 23 سالہ سپاہی رحیم گل شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کو نشانہ بنایا، علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کیلئےآپریشن جاری ہے۔