آڈیو لیک کی عمران خان اور آصف زرداری دونوں نےتردید نہیں کی: وزیراعلی سندھ

Published On 30 May,2022 11:33 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آڈیو لیک کی نہ عمران خان نے تردید کی ہے اور نہ ہی آصف زرداری نے، شاہ محمود قریشی کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان قسم اٹھا کر آڈیو کو مسترد کریں پھر شاید کوئی یقین کر لے۔عمران خان اپنی تقاریر میں اسلامی ٹچ دیتے ہیں، اس معاملے پر کلمہ پڑھ کر کہہ دیں کہ انہوں نے بزنس ٹائیکون ملک ریاض سے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کے پاس آئینی اختیار ضرور ہے مگروہ منظور شدہ بل کو اپنے پاس 9دن 23گھنٹے نہ رکھیں، صدر پاکستان نے اگر راے نہیں دینی تو فورا واپس کردیں۔ ان کے پاس ان بلوں کو مسترد کرنے کی کوئی پاور نہیں ہے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمار ے کیس میں ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں ، نیب نے کیس بنانے کیلئے لوگوں کو مسلسل ٹارچر کا نشانہ بنایا۔ ان کیسز میں جتنے پیسے لگے ہیں وہ نیب سے وصول کرینگے۔