حالیہ بجٹ پچھلی حکومت کے مقابلے میں کئی لحاظ سے بہتر ہے: وزیراعظم شہباز شریف

Published On 12 June,2022 04:37 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کے مقابلے میں بجٹ کئی طرح سے زیادہ بہتر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ پچھلی حکومت کے مقابلےمیں یہ بجٹ کئی طرح سے نمایاں بہتری دکھا رہا ہے، بجٹ میں نوجوانوں کو تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کئے گئے، بلوچستان کے نوجوانوں کو خاص اہمیت دی گئی۔

اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقات کو حکومت نے سبسڈی دی، بجٹ میں امیروں کے غیر پیداواری اثاثوں پر ٹیکس لگایا گیا۔ 

وزیراعظم کی معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی پر حفاظتی اقدامات کی ہدایت

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی پر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے، متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے، گذشتہ روز لاہور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ فیصل آباد کے گردونواح سمیت شہروں سے بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

موسم کا حال بتانے والوں نے آج لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، اسلام آباد میں بعد از دوپہر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

سندھ میں دادو، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کی توقع ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Advertisement