اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کی ترقی کے انقلابی پروگرام بجٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
بجٹ 2023-24 میں نوجوانوں،خواتین اور زرعی ٹیوب ویلز سے متعلق خصوصی منصوبوں کے لئے رقم مختص کیے گئے ہیں ، اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کوبلاسود قرض ملیں گے، تعلیم اور سپورٹس انڈاﺅمنٹ فنڈ بنائے جائیں گے۔
پنجاب انڈاؤمنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان انڈاؤمنٹ فنڈ برائے تعلیم قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، فنڈ سے ملک بھر کے ذہین لیکن غریب طلباءو طالبات کو وظائف دئیے جائیں گے ، نوجوانوں کو چھوٹے قرض دینے کے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لئےخطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
پروگرام میں نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف ہنر سکھانے کے لئے وسائل بجٹ میں رکھے گئے ہیں، نوجوانوں کو ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کے لئے رقم بھی بجٹ میں مختص کی گئی ہے، آئی ٹی کے شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کی مالی مدد کی جائے گی ۔
نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں لانے اورسپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے فنڈز مختص کر دئیے گئے جبکہ خواتین کو مالی طورپر بااختیار بنانے کے پروگرام کے لئے رقم رکھی گئی ہے ۔
کسانوں کی ترقی کیلئے زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے ، زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی وزیراعظم کے کسان پیکج کے دوسرے حصے کے طورپر کی جائے گی۔