اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے دسمبر بجٹ خسارہ 1 ہزار 683 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔
وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی سے دسمبر کے دوران مالیاتی آپریشنز کی رپورٹ جاری کر دی، وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے دسمبر کے دوران حکومتی اخراجات 6 ہزار 382 ارب روپے رہے، ٹیکس اور نان ٹیکس حکومتی مجموعی آمدنی 4 ہزار 698 ارب روپے رہی۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے جولائی سے دسمبر کے دوران 3731 ارب روپے سے زائد محصولات جمع کئے، نان ٹیکس آمدنی کی مد میں 967 ارب روپے سے زائد جمع کیے گئے، رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں دفاعی شعبے کیلئے 638 ارب روپے خرچ کئے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2573 ارب روپے سے زائد کی رقم قرضوں پر سود کی ادائیگی میں خرچ کی گئی، قومی مالیاتی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 1880 ارب روپے سے زائد رقم ادا کی گئی۔