اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلیفون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے کے اعلان پر مبارکباد دیتے ہوئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 'کور سیل' کے قیام کے سپہ سالار کے فیصلے کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی شرائط مکمل ہونے پر پاکستان کی کامیابی پر تمام متعلقہ عہدیداروں کو ٹیلی فون کیے اور ملکی اہم کامیابی پر مبارک دی۔
وزیراعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کانام نکلنے کے عمل پر کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے کے اعلان پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور سیل کے قیام کے آرمی چیف کے فیصلے کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کور سیل میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد ہو قوم کو فخر ہے۔
اسی دوران شہباز شریف نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کو بھی ٹیلیفون کیا اور وزیر خزانہ، وزیر مملکت برائے خارجہ اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔
امید ہے معائنہ ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان گرےلسٹ سےنکل جائے گا: بلاول
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایکشن پلانز کی تکمیل پر فیٹف کامتفقہ اعتراف قابل قدر، امید ہے معائنہ ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ اہداف پورے کرنے پر پوری ٹیم تعریف کی مستحق ہے، فیٹف کے اقدام سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیٹف کے ایکشن پلان مکمل کئے، مستقبل میں بھی عملدرآمد جاری رکھیں گے۔