اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےامپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے نو ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی، ان "تجربہ کار" چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے، متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدمِ استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی، ہم نے مشکل حالات میں بھی عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اذیت ناک مہنگائی کے عوام پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں2 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی مہنگائی جلسے کے انعقاد کے حوالے سے مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئ اورحکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا بھی جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت کی۔ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے، نکمے،نااہل،بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لئے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں تحریک انصاف کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی،آئی ایم ایف کی کڑی شرائط،کمزور معیشت اور کرونا وباء کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے، پاکستان کی مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لئے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔