اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ضیاء الحق کی آمریت پاکستان میں انتہاپسندی اور کلاشنکوف کلچر کی ماں ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے یوم سیاہ دن پر پیغام میں کہا کہ 5 جولائی 1977 کو قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، 45 سال قبل آج کے دن پہلے منتخب حکومت کا خاتمہ کیا گیا، پاکستان آج تک سیاسی، معاشی اور معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے۔
انہوں نے پیغام میں مزید کہا کہ معاشرتی بیماریوں کے تانے بانے آمریت کے دور سے ملتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو سیاسی منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، ڈکٹیٹر نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں بند کردیا، عوام نے آمر کی غاصبانہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد اعظم کے نظریے و ویژن کی علمبردار جماعت ہے۔