اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں مزید مون سون بارشوں پر وفاقی اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوام کے تحفظ کے لیے اقدامات کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرنے پراین ڈی ایم اے کو شاباش دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اتحاد، تعاون اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت اورکامیابی ہے۔عوام کی خدمت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، آپ کا جذبہ اور خدمات لائق تحسین ہیں۔ اللہ تعالی کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔
انہوں نے این ڈی ایم اے کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ عید کی تعطیلات میں آپ نے عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا مظاہرہ کیا۔ پولیس سمیت میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمے دار تمام اداروں کی تحسین کرتا ہوں۔