وزیراعظم دو دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرینگے: مریم نواز

Published On 12 July,2022 09:10 pm

جھنگ: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ دو دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔

اٹھارہ ہزاری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا نسلوں پرانا رشتہ ہے، جھنگ کے عوام نواز شریف سے والہانہ محبت کرتے ہیں، نواز شریف کی محبت میں آج پورا جھنگ سڑکوں پر نکل آیا ہے۔ سابقہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے جانے والے معاہدوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے وزیراعظم کو مشکل فیصلے کرنا پڑے، اللہ کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔

 ن لیگ کی نائب صدر نے نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مجبوری میں بڑھانا پڑیں، اب عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئیں تو آج وزیراعظم شہباز شریف نے سمری منگوا لی، آئندہ دو دن میں وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔ پنجاب کے عوام کو نواز شریف اور شہباز شریف پر بھروسہ ہے، سابقہ حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، آئندہ چند ہفتوں، مہینوں میں ہم ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تھی، ہے اور انشاء اللہ رہے گی، مسلم لیگ (ن) نسل در نسل عوام کی خدمت کے لئے تیار ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث خیربختونخوا کے دس سے بارہ اضلاع سیلاب میں ڈوب گئے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، وہاں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے عمران خان پنجاب میں جلسوں کے دوران گالم گلوچ کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی آزمائی ہوئی جماعت ہے، کبھی مایوس نہیں کرے گی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے پنجاب میں 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے مفت بجلی کا اعلان کیا، حمزہ شہباز نے ملک کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا تو عمران خان اس فیصلے کے خلاف عدالت چلے گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر ابھی عمران خان غریب عوام کو بجلی کی مد میں دیئے جانے والے ریلیف کو بند بھی کروا دیں تو مسلم لیگ (ن) 17 جولائی کے بعد پنجاب کے غریب طبقے کو مفت بجلی فراہم کرے گی۔ عمران نیازی نے بطور وزیراعظم کبھی جھنگ کا دورہ نہیں کیا، اب وہی نیازی کس منہ سے جھنگ کے عوام سے ووٹ مانگتا پھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈر جبکہ عمران خان نے جی اکنامک کوریڈور بنایا، عمران خان کی پنجاب دشمنی کو عوام بھانپ چکے ہیں، 17 جولائی کو عوام فتنہ خان کو عبرتناک شکست دے کر صوبے سے باہر پھینکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی غور سے سن لو، پاکستان کو سری لنکا بنانے کا تمہارا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، عوام جھوٹی سازشوں کے الزامات لگانے والوں کی دماغی حالت جان چکے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 17 جولائی کو عوام جوق در جوق گھروں سے نکلیں اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، وعدہ کرتے ہیں کہ آئندہ ایک سال کے دوران جھنگ میں مثالی ترقیاتی کام کریں گے۔

پنجاب میں ہمارا مقابلہ مہنگائی سے ہے: مریم نواز

اس سے قبل گوجرہ موڑ اور چنیوٹ موڑ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی محبت میں آج پورا جھنگ سڑکوں پر نکل آیا ہے، 17 جولائی کو نواز شریف کا شیر پی پی 127 سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا، عمران خان نے عوام کو بشریٰ بی بی کے سوا کچھ نہیں دیا، وزیراعظم جلد عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف پیکیج دینے جا رہے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عوام نے اپنی محبت کا اظہار کر دیا ہے اور آج کے جم غفیر نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ جھنگ میں جگہ جگہ نواز شریف کی محبت میں لوگ نکلے اور جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ 17 جولائی کو ایک مرتبہ پھر شیر دھاڑے گا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بھروانہ کامیاب ہوں گے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ میرا جھنگ کے عوام سے وعدہ ہے کہ جب تک ترقی نہیں ہوگی ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے، پی پی 127 میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائیں گے اور 17 جولائی کو مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ اور نوجوان گھروں میں نہیں بیٹھیں گے بلکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو کامیاب کرائیں گے۔ اڑھائی ماہ میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پنجاب کے چھوٹے صارفین کیلئے 100 یونٹ بجلی مفت کرنے کا اعلان کیا اور وزیراعظم شہباز شریف ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان جلد کرنے جا رہے ہیں۔ اب مشکل وقت گزر گیا اور خوشخبریاں آنا شروع ہو گئی ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر حلقہ پی پی 127 کے امیدوار محمد اسلم بھروانہ نے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ وعدہ ہے جب تک یہاں ترقی نہیں آئے گی آرام سے نہیں بیٹھیں گے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، یہ ایک خاتون کو پھر پنجاب پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔ آدھے لوگ کہہ رہے ہیں عمران خان جھوٹا ہے، عمران خان کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے۔ مشکل وقت گزر گیا ، اب روز خوشخبریاں آئینگی، آج شام کو شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کیلئے خوشخبریاں لے کر آئے گا، موسمی صورتحال کے باوجود عوام کا جم غفیر محمد نواز شریف سے عوام کی محبت کا عکاس اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا مظہر ہے، ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں پنجاب کی ترقی کے مخالفین، نااہلی اور مہنگائی سے ہے، 17 جولائی کا سورج نواز شریف کے امیدوار محمد اسلم بھروانہ کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔ مشکل وقت گزر چکا ہے، آنے والے وقت عوام کیلئے خوشخبریاں لے کر آئے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور اب عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں، ان شاء اﷲ جلد وزیراعظم شہباز شریف عوام کیلئے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ گوجرہ اور جھنگ کے عوام اگر مہنگائی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عمران خان سے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری، نااہلی اور پنجاب دشمنی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور حبس کے باوجود کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت پر خوشی ہوئی، پارٹی کارکنوں اور شہریوں کا جم غفیر عوام کی محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا مظہر ہے، ان شاء اللہ 17 جولائی کو شیر ایک بار پھر آ رہا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ جھنگ کی ترقی کیلئے شیر کو کامیاب کرائیں، عوام کی قسمت بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

Advertisement