لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اورسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں جیت کر ن لیگ سے اپنا مینڈیٹ واپس لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ منحرف ارکان اپنے حلقوں میں بے بس اور لاچار نظر آتے ہیں، عوام نے منحرف ارکان کو رد کر دیا ہے اور منحرف ارکان میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ عمران خان اس وقت قوم کی واحد امید ہیں، عمران خان عوام کو اس کرپٹ اور جعلی حکومت سے نجات دلائیں گے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا گراف بہت بلند ہے، ن لیگ نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنا چھینا ہوا مینڈیٹ ن لیگ سے واپس لیں گے۔ حمزہ شہباز سپریم کورٹ میں دیے گئے حلف سے مکر گئے ہیں، سپریم کورٹ ضمنی انتخابات والے حلقوں میں تقرر و تبادلوں اور ترقیاتی کاموں کا نوٹس لے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے، ن لیگی امیدوار یوٹیلٹی اسٹور کے ٹرک میں ووٹروں میں سامان تقسیم کر رہے ہیں۔ ہم ان شاء اللہ ضمنی الیکشن میں 20 کی 20 سیٹیں جیتیں گے، ضمنی الیکشن میں کارکن نتائج آنے تک پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے ووٹ کا پہرہ دیں، ن لیگ دھاندلی اور جعلی رزلٹ کے بغیر کبھی نہیں جیت سکتی۔